سرکاری محکموں کو فعال بنا کر عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے ا
(ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ)
کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اداروں میں نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ایم ایم ڈی دفتر کا اچانک دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے دفتر میں افسران و ملازمین کی حاضری، دفتری امور، ریکارڈ اور ادارے کے مجموعی انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے موقع پر متعلقہ افسر بھی دفتر میں موجود نہیں تھے، جبکہ حاضری کی جانچ کے دوران 35 ملازمین میں سے صرف 3 ملازمین حاضر پائے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے حاضری کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا تو اٹینڈنس رجسٹر فعال نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی بروقت حاضری اور ذمہ داریوں کی انجام دہی کسی صورت نظرانداز نہیں کی جا سکتی، کیونکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی براہِ راست عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات سے وابستہ ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایم ایم ڈی کے انفراسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا اور ادارے میں موجود مشینری و دیگر وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مشینری کی خستہ حالی اور ادارے کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم ڈی کے نظام میں مؤثر اصلاحات اور انتظامی بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ اداروں کی فعالیت، ملازمین کی حاضری، سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایم ایم ڈی سمیت تمام سرکاری محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سرکاری مشینری کو فعال اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے ادارے کے ملازمین، حاضری، مشینری، اثاثوں اور دیگر انتظامی امور سے متعلق مکمل ریکارڈ اور تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام معاملات کی شفاف جانچ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بلا اجازت غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سرکاری فرائض میں غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کے اس اچانک معائنے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اداروں میں احتساب، نظم و ضبط، شفافیت اور کارکردگی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سرکاری محکموں کو فعال بنا کر عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے