انسدادِ پولیو مہم ایک اہم قومی ذمہ داری ہے
:ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی
کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) :ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت
چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز مانیٹرنگ افسران، زونل سپروائزرز اور یونین کونسل انچارجز کا ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ میں پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رفیق مستوئی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ممتاز رند، تحصیلدار زیارت نور احمد پانیزئی اور تمام یونین کونسل انچارجز نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونین کونسل انچارجز نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی اور فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور رہ جانے والے بچوں کی بروقت نشاندہی کرکے انہیں قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک اہم قومی ذمہ داری ہے اور بچوں کو موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور فیلڈ ٹیموں کو مکمل ذمہ داری، جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینا ہوں گے۔ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ مانیٹرنگ افسران فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی جاری رکھیں، مہم کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور فیلڈ میں درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ مقررہ اہداف حاصل کرتے ہوئے ضلع زیارت میں پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جا سکے