ای پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اہم خبر، اجرا کی تاریخ تبدیل
کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) پاکستان میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی جگہ جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے
، اب نئے نظام کا آغاز 15 اکتوبر کے بجائے 23 اکتوبر 2026 سے ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں ای پاسپورٹ کے اجرا کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔نئی پالیسی کے تحت 23 اکتوبر سے پاکستان کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں نئے درخواست گزاروں کو صرف ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے نے بھی 14 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹس میں نئی تاریخ کی تصدیق کی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے، لہٰذا شہریوں کو انہیں فوری تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں۔ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا مقصد سفری دستاویزات کی سیکیورٹی بہتر بنانا اور پاسپورٹ خدمات کو جدید بنانا ہے