معیاری تعلیم کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے

ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی

کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد کی سربراہی میں محکمہ تعلیم کے افسران کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ضلع کیچ میں محکمہ تعلیم کی مجموعی صورتحال، کنٹریکٹ آسامیوں کے اشتہار، سرکاری اسکولوں کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اصغر علی، ڈی ڈی او شیرجان بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں محکمہ تعلیم کی مجموعی صورتحال، کنٹریکٹ آسامیوں کے اشتہار کے عمل اور مختلف سرکاری اسکولوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ و دیگر عملے کی ضروریات، اداروں میں دستیاب سہولیات اور درپیش انتظامی مسائل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں محکمہ تعلیم کی کنٹریکٹ آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے، اس لیے ضلع کیچ میں بھی ضروری آسامیوں کو بروقت مشتہر کیا جائے تاکہ مقامی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان میرٹ کی بنیاد پر ان مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بھرتی کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کا جائزہ لے کر انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، صفائی، چاردیواری، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی طلبہ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اداروں کے مسائل کی بروقت نشاندہی، باہمی رابطہ کاری اور عملی اقدامات کے ذریعے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی تاکہ ضلع کیچ میں معیار اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر محکمہ تعلیم کے افسران نے ضلع میں بہتری، مسائل کے حل اور نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون اور مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More