واجہ شئے عبدالکریم ایک مخلص، نرم دل، نیک سیرت اور قوم دوست شخصیت ہیں
(پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند)
کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند نے مکران کی معروف روحانی، سماجی اور مذہبی شخصیت واجہ شئے عبدالکریم کی عیادت کی اور ان کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔معتبر حاجی برکت رند نے تربت کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع شئے ہاؤس پہنچ کر واجہ شئے عبدالکریم کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ واجہ شئے عبدالکریم کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور انہیں صحت و سلامتی کے ساتھ طویل عمر عطا کرے۔معتبر حاجی برکت رند نے کہا کہ واجہ شئے عبدالکریم ایک مخلص، نرم دل، نیک سیرت اور قوم دوست شخصیت ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی میں سماجی ہم آہنگی، امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی صلح جوئی اور مثبت سماجی کردار کے باعث متعدد خاندانوں کو باہمی تنازعات اور کشیدگیسے نکلنے اور آپس میں اتفاق و اتحاد قائم کرنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً مکران کے معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے واجہ شئے عبدالکریم کی خدمات قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایسے مخلص اور صلح جو افراد معاشرے میں امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔معتبر حاجی برکت رند نے ایک بار پھر واجہ شئے عبدالکریم کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے اور ان کی شفقت، رہنمائی اور سماجی خدمات کا سلسلہ مزید طویل عرصے تک جاری رکھے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع کیچ کے صدر میر حاجی سلمان رند، نائب صدر حاجی ارشاد ڈھنڈائی، حاجی نذیر فقیر، اختر مراد، نوروز شوکت، حاجی عبد الستار اور لطاف مراد بھی موجود تھے، جبکہ واجہ شئے موسیٰ، واجہ شئے عبدالباسط اور واجہ شئے شہزاد نے بھی اس موقع پر شرکت کی