عوام کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں

کمشنر سیوی ڈویڑن عرفان اللہ خان

کوئٹہ (روزنامہ معلوم ) کمشنر سیوی ڈویڑن عرفان اللہ خان نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سیوی کا دورہ کیا،

جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر جہانزیب بلوچ نے انہیں ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، طبی سہولیات، دستیاب وسائل اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سیوی ڈویڑن نے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، او پی ڈی، ای پی آئی، ڈینٹل روم، آپریشن تھیٹر، میل و فی میل وارڈز، گائنی او پی ڈی سیکشن اور ادویات کے اسٹور کا معائنہ کیا اورمریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔کمشنر سیوی ڈویڑن عرفان اللہ خان نے میل وارڈ میں زیرِ علاج سانپ کے ڈسنے (Snake Bite) کے مریض کی عیادت بھی کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریض کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر نگہداشت اور علاج معالجے کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کمشنر عرفان اللہ خان نے ہسپتال میں درپیش مسائل اور مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینٹل یونٹ کی فراہمی کے لیے بی ایس ڈی آئی کے تحت ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ادویات کے اسٹور میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے احکامات بھی جاری کیے، جس پر ایم ایس ڈاکٹر جہانزیب بلوچ نے دو روز کے اندر کیمرے نصب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر سیوی ڈویڑن نے ہسپتال میں کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری کے لیے مثبت اقدامات کیے گئے ہیں اور ایم ایس ہسپتال کے معاملات میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے، طبی سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور عوام کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔کمشنر سیوی ڈویڑن عرفان اللہ خان کو ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سرجنز کی کمی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سرجنز کی کمی دور کرنے اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیکرٹری صحت بلوچستان سے رابطہ کیا جائے گا اور ضروری ڈاکٹروں و سرجنز کی تعیناتی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے، تاکہ مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔ بعد ازاں کمشنر سیوی ڈویڑن نے بی ایس ڈی آئی فیز فور کے تحت ہسپتال میں زیرِ تعمیر مردہ خانے کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایگزیکٹو انجینئر اور متعلقہ ٹھیکیدار کو طلب کرکے تعمیراتی کام کی کوالٹی چیک کروائی جائے گی، تاکہ منصوبہ مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو اور عوام کو اس سے بہتر سہولت میسر آسکے

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More